سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںحب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل رفائنری کا افتتاح

حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل رفائنری کا افتتاح

حب(ہمگام نیوز) پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کا افتتاح کردیا ہے۔جمعے کو بلوچستان کے شہر حب میں بائیکو آئل ریفائنری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حب آئل ریفائنری سے تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور تیل کے شعبے میں 750 ملین کی سرمایہ کاری ہوگی۔وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج تیل ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے جبکہ پاکستان میں تیل کی پیداوار کافی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر ‘اہم کارنارمہ’ ہے، تاہم خود کفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔ان کا کہنا تھا کہ امن وامان قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن مجرموں کو سزا سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں ہونی چاہیئے۔وزیراعظم نواز شریف نے حب میں ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کا افتتاح کردیا جس کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہپاکستان سے غربت، جہالت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے تو امن قائم کرنا ہوگا اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ امن قائم کیا جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ مجرموں کو سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں سزا دی جائے اور زمانے کے بدترین دہشت گرد نرمی کے حقدار نہیں انہیں تیزی کے ساتھ کیفرکردار تک پہنچانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بھاگتے بھاگتے لوگوں پر گولیاں چلاتے ہیں جب کہ سانحہ صفورا گوٹھ بزدلی کی بدترین مثال ہے جس کے ملزمان پکڑے گئے ہیں اور امید ہے سانحے کے مجرموں کو جلد سزا ملے گی۔وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی طرح کراچی میں امن قائم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں، خوشی ہے کہ کراچی کا امن واپس لوٹ رہا ہے جب کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن ایک ایک دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہے،گوادر منصوبے سے بلوچستان دیگر صوبوں سے آگے نکل جائے گا اور منصوبے سے بلوچستان کی اقتصادی ترقی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ 2017 تک پاکستان سے بجلی کی قلت ختم کردی جائے گی،قدرتی وسائل کے اعتبار سے تیل اور گیس ممتاز حیثیت رکھتے ہیں بلوچستان میں تیل صاف کرنے کے کارخانے کی تعمیر اہم کارنامہ ہے تاہم تیل اور گیس میں خودکفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا، آج تیل ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے اور پاکستان میں تیل ریفائنری کی پیداوار 13.5 ملین ٹن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے جو کہا ہے وہ کرکے دکھائیں گے اور بلوچستان میں شرپسندی کرنے والے عناصر کو جلد پکڑیں گے۔افتتاحی تقریب میں بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ڈاکٹر مالک ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، بلوچستان کے سینیئر وزراء اور مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان کے صدر ثناء اللہ زہری بھی موجود تھے۔وزیراعظم نواز شریف جمعے کی صبح وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کے ہمراہ کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وہ حب روانہ ہوئے۔وزیراعظم آج کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز