Homeخبریںلاپتہ راشد حسین کے اہلخانہ کی جانب آج ہورہے سیمینار کا حصہ...

لاپتہ راشد حسین کے اہلخانہ کی جانب آج ہورہے سیمینار کا حصہ بن انکی آواز بنیں: نصراللہ بلوچ

کوئٹہ (ہمگام نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ آج راشد حسین کی طویل جبری گمشدگی کے خلاف انکے اہلخانہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب میں 2 بجے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوگا۔

سیاسی پارٹیوں اور طلبا تنظیموں سمیت تمام مکاتب کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیمینار میں بھرپور شرکت کرکے راشد حسین کے اہلخانہ کی آواز بنیں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ راشد حسین کو جب دبئی میں گرفتار کیاگیا تو حکومت پاکستان نے میڈیا پر انکی گرفتاری کی حوالے سے بیان بھی جاری کیا اور جب عرب امارات کی حکومت راشد حسین کو حکومت پاکستان کے حوالے کیا تب بھی حکومتی ذرائع نے میڈیا پر حوالگی کی خبر نشر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انکی۔حوالگی کی خبر بھی میڈیا پر چلائی گئی اسکے باوجود بھی راشد حسین کو منظر عام پر نہیں لایاگیا۔تو راشد کی والدہ نے انصاف کے فراہمی کیلئے بنائے اداروں کے دروازوں پر دستک دی عدلیہ کی سطح پر تحریری طور پر یہ ثابت ہوا کہ راشد کو عرب امارات نے حکومت پاکستان کے حوالے کیاہے لیکن اسکے باوجود راشد حسین کو منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے ۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ ملکی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جسکی وجہ سے راشد حسین کا خاندان ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ راشد حسین کو فوری طور پر منظر عام پر لاکر انہیں عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع فراہم کیاجائے اگر اس پر جرم ثابت ہوتا ہے تو اسے عدالت کے ذریعے سزا دی جائے۔

Exit mobile version