Homeخبریںمنگچر کو گیس کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو کوئٹہ کراچی شاہراہ...

منگچر کو گیس کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو کوئٹہ کراچی شاہراہ بند کریں گے، آل پارٹیز کا اعلان

منگچر (ہمگام نیوز) ویب نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق اس سخت سردی میں بھی گیس فراہم نہیں کی جارہی، دسمبر تک گیس کی سپلائی بحال نہیں کی گئی تو کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کرکے دھرنا دیں گے اور یہ احتجاج گیس کی سپلائی کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے پریس کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام منگچر کے تحصیل امیر مفتی ابوبکر، بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر حفیظ مینگل، جمعیت علماء اسلام منگچر کے رہنماء مولانا حافظ محب اللہ ناصر نیشنل پارٹی کے زاہد بنگلزئی، پیپلز پارٹی کے سلیم مینگل، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء انجمن تاجران منگچر کے جنرل سیکرٹری ٹکری عبدالمالک نیچاری، قبائلی و سیاسی رہنماء میر صدام لانگو، مولانا ثنا اللہ ودیگر نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس بلوچستان صوبے سے نکل رہی ہے مگر بلوچستان کے لوگ اس سہولت سے محروم ہیں۔

ضلع قلات کا شمار ملک کے سردترین علاقوں میں ہوتا ہے، ان علاقوں کے عوام کو زندگی بچانے کے لیے گیس کی ضرورت ہے، لیکن دیگر بڑے بڑے شہروں میں سوئی گیس سے کارخانے اور سی این جی اسٹیشنز چل رہے ہیں، ہمیں ایندھن کے لیے بطورِ اہم اور بنیادی ضرورت گیس نہیں دی جارہی ہے جو کہ ایک المیہ ہے۔ ہم جمعیت علماء اسلام، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی ودیگر تمام سیاسی جماعتوں کے بشمول حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صوبائی اور وفاقی اسمبلیوں کے اندر اور باہر ہر فورم پر بلوچستان کے سرد علاقوں میں گیس کی سپلائی جلدازجلد بحال کروانے کے لیے آواز بلند کریں۔ یاد رہیں گزشتہ دنو ں بھی آل پارٹیز کے توسط سے ہم پریس کانفرنس کے ذریعے گیس بندش کیخلاف ہڑتال کی کال دی تھی جو گیس حکام کے یقین دہانی کے بعد صرف ایک دو دن گیس پریشر تیز ہونے کے ابھی تک پریشر تیز نہیں ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر قلات منیر درانی، سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے جنرل منیجر بلوچستان ودیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں اور انہیں الٹی میٹم دیتے ہیں کہ 26 دسمبر تک منگچر قلات کو گیس کی سپلائی بحال کردی جائے۔ دسمبر کو تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کے ساتھ ملکر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیں گے اور گیس کی سپلائی بحال ہونے تک احتجاج جاری رہے گا جس کی تمام تر ذمہ داری سوئی سدرن گیس کمپنی پر عائد ہوگی۔

Exit mobile version