نوشکی ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ نوشکی کلی جمالدینی سے گزشتہ رات قابض پاکستانی فورسز نے چھاپہ مار کر الطاف جمالدینی ولد حمید اللہ جمالدینی کو حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ۔
بتایا جارہاہے کہ اس دوران قابض فورسز اہلکاروں نے گھر میں تھوڑ پوڑ کی اور خواتین سمیت دیگر افراد کو زد و کوب کیا۔
علاوہ ازیں قابض فورسز ہاتھوں نوشکی اسٹیشن سے جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے 14 سالہ عدنان ولد حیات، 15 سالہ ضیاء الرحمن ولد میر احمد، 14 سالہ لیاقت ولد عبدالخالق بازیاب ہو گئے ہیں۔
تینوں کمسن لڑکوں کو دیگر درجنوں افراد سمیت حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ کمسن طالب علموں سمیت 17 افراد بازیاب ہوگئے ہیں جن میں نوشکی کے علاوہ قلات ،چاغی اور شال کے رہائشی بھی شامل ہیں جنھیں اسی روز حراست میں لیکر جبری گمشدگی کا شکار بنایا گیا تھا ۔