Homeخبریںپاکستان کا سالانہ باربردار بحری جہازوں کا بل تقریبا 5 بلین ڈالر...

پاکستان کا سالانہ باربردار بحری جہازوں کا بل تقریبا 5 بلین ڈالر ہے

کراچی (ھمگام نیوز) پاکستان کا سالانہ فریٹ بل تقریبا 5 بلین ڈالر ہے،اور غیر ملکی کمپنیاں بین الاقوامی کرنسیوں خاص طور پر ڈالرمیں چارجز وصول کرتی ہیں، پاکستانی اخبار ڈان نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تکمیل کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بندرگاہ پر پھنسے کُل 5 ہزار 700 میں سے 2 ہزار 500 کنٹینر کی فوری کلیئرنس کے لیے تفصیلات جمع کروا دی ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے ڈان کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیجیٹل فائلنگ کے لیے فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق بندرگاہ پر پھنسے صنعتی خام مال اور ضروری اشیا کے کنٹینر کی تفصیلات مرتب کی جارہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ 18 جنوری کو گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ساتھ دورہ چیمبر کے دوران ہونے والی مفاہمت کے مطابق 23 جنوری سے کنٹینر کی کلیئرنس ہونا شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کےسربراہ سے فوری کارروائی کی دوبارہ درخواست کی کیونکہ کاروبار کو شدید بحران کا سامنا ہے۔

زبیر موتی والا نے بتایا کہ 23 جنوری کو وزیر تجارت، کسٹم اور بندرگاہ کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں درآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور دیگر لیوی اور اخراجات کے علاوہ فوری کلیئرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر ریاض الدین نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صورتحال کو بہتر طریقے سے سنبھال نہیں پا رہی کیونکہ زرمبادلہ کے بحران نے تمام کاورباری شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں روک دی ہیں، ان شعبوں میں سے بالخصوص ان صنعتوں کو بحران کا سامنا ہے جو قومی ٹیکس ریونیو میں تقریباً نصف حصہ ڈالتی ہیں۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا کہ وہ صنعتوں کو ضروریات پوری کرنے کے لیے صفر شرح سود پر خصوصی قرضے فراہم کرے، جس کی ادائیگی کی میعاد زرمبادلہ پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد 5 برس کے لیے ہو۔

پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے لیٹر آف کریڈٹ کو بحال کرنا لازمی ہے تاکہ درآمد شدہ خام مالی کی کئیرنس ہوسکے۔

Exit mobile version