Homeخبریںپی آئی اے کا ائیر بس اے 320 کراچی میں دوران پرواز...

پی آئی اے کا ائیر بس اے 320 کراچی میں دوران پرواز گر کر تباہ، بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ

کراچی (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کا طیارہ ائیر بس اے 320 کراچی میں دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ لاہور سے کراچی آرہا تھا کہ ائیر پورٹ کے قریب ملیر جناح گارڈن کے علاقے میں لینڈنگ سے تھوڑی دیر قبل حادثے کا شکار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق طیارہ گنجان آبادی کے درمیان گھروں پر گر کر تباہ ہوا ہے جس سے طیارے میں سوار افراد کے علاوہ دیگر سینکڑوں افراد کے مارے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

طیارے میں عملے کے افراد سمیت 99 افراد سوار تھے تاہم اب تک کی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے۔

امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کاروائیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس وقت تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ حادثہ کن وجوہات کی بنا پر پیش آیا ہے لہٰذا کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

حادثے کے بعد جہاز کے ملبے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے قریبی دیگر مکانوں کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے دھوئیں کے سیاہ بادل نمودار ہوئے جو دور دور تک دیکھے گئے۔ فائیربریگیڈ کا عملہ بھی جائے حادثہ پر پہنچ چُکا ہے اور آگ بجھانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

Exit mobile version