Homeخبریںکابل: 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں 32 افغان فوجی...

کابل: 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں 32 افغان فوجی جاں بحق، 53 طالبان ہلاک

کابل (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں 32 افغان فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 53 طالبان ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دوحا میں بین الافغان مذاکرات شروع ہونے کے باوجود افغان سرزمین پر خونریزی کم نہ ہوسکی، 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں 32 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ حملے میں 53 طالبان بھی مارے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار صوبے میں شدید لڑائی جاری ہے، جہاں طالبان نے کئی مقامات پر افغان چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا، خونریز لڑائی میں افغان فوجیوں سمیت طالبان مخالف جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔

صوبہ ہرات میں بھی افغان فوج کی چیک پوسٹ پر طالبان نے دھاوا بول دیا ہے۔ ایک اور چیک پوسٹ کو کار بم سے نشانہ بنایا گیا۔

افغان حکام کے مطابق ہرات میں چیک پوسٹ پر حملے کے دوران 53 طالبان جنگجو بھی مارے گئے اور حملہ بھی پسپا کردیا گیا۔

Exit mobile version