Homeخبریںکراچی: جعلی پولیس مقابلے میں دو بلوچ نوجوان قتل، دو زخمی

کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں دو بلوچ نوجوان قتل، دو زخمی

کراچی(ہمگام نیوز) کراچی پولیس نے لیاری سے تعلق رکھنے والے دو بلوچ نوجوانوں کو گرفتاری کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا۔

پولیس نے اس متعلق دعویٰ کیا ہے کہ قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق احمد مگسی گینگ سے تھا۔

ذرائع نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 سالہ عامر ، 22سالہ بلال ، 22 سالہ لکی اور 20 سالہ شاہنواز کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ساڑھے دس بجے ’پرانی سبزی منڈی‘ سے اٹھایا گیا اور ان کو گولیاں مار کر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس جعلی پولیس مقابلے میں 18 سالہ عامر اور 22 سالہ بلال جاں بحق ہوگئے جب کہ لکی زندگی اور موت کی کشمکش میں وینٹی لیٹر پر ہے اور شاہنواز بھی زخمی ہے۔ مقتول عامر اور بلال کا آبائی تعلق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل اوتھل سے ہے لیکن حالیہ دنوں میں وہ سبزی منڈی میں رہائش پذیر تھے جہاں سے انھیں پولیس نے گرفتاری کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کے اس دہشت گردانہ اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے موقف ظاہر کیا کہ سوال یہ نہیں کہ نوجوان جرائم پیشہ تھے یا عام افراد بلکہ تشویش اس بات پر ہے کہ انھیں زندہ گرفتاری کے بعد ماورائے قانون قتل کردیا گیا ہے۔

تاہم بعد میں کراچی کے ایس ایس پی کی یقین دہانی پر کہ واقعے کی تحقیقات کی جائے گی، مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ مگر سوشل میڈیا میں اس ناروا سلوک کے ردعمل میں پولیس کو تاحال سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Exit mobile version