Homeخبریںکوئٹہ، مختلف حادثات و واقعات میں 5 افراد جانبحق 7 زخمی

کوئٹہ، مختلف حادثات و واقعات میں 5 افراد جانبحق 7 زخمی

کوئٹہ(ہمگام نیوز ) پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے مختلف شہروں اور علاقوں میں مختلف حادثات و واقعات میں 5 افراد جانبحق 7 زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق نصیر آباد کے علاقے صدر تھانہ کی حدود چھتر روڈ کے قریب مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سعید علی بگٹی رہائشی چھتر ربیع موقع پر جاں بحق، پنجاب کے رہائشی دو افراد زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ مستونگ کوہ نور ہوٹل دتو کے قریب مسلح تصادم، فائرنگ سے تین افراد زخمی۔ مستونگ کے نواحی علاقہ دتو کے مقام پر کوہ نور ہوٹل کے قریب ساسولی قبائل کے آپس میں مسلح تصادم، لاٹھیوں اور فائرنگ سے حاجی سیدال خان ، محمد ایوب، محمد قاسم ساسولی اور آغا محمد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔ جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔

مزید رپورٹ کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں پہاڑ کی چوٹی سے گر کر چرواہا جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں پہاڑ کی چوٹی سے گر کرایک چرواہا لما خان جاں بحق ہوگیا۔

علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص ذخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے چمبھڑی کے مقام پر زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص فضل حسین مسوری بگٹی زخمی ہوگیا جسے ابتدائی امداد کے بعد ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا۔

اس کے علاوہ ہرنائی کے علاقے تور غرامانی میں مٹی کا تودا گرنے سے پشین کا رہائشی جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے علاقے تورغرامانی ناکس میں بخت محمد کے ہالج میں مٹی کا تودا گرنے سے کان کن قدرت اللہ سکنہ پشین شدید زخمی ہوئے جسے سول ہسپتال ہرنائی لایا گیا تھا بعد ازاں زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی

اس کے علاوہ بلو چستان کے ضلع نصیر آ با دمیں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جے یو پی نصیر آباد کے جنرل سیکرٹری کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز نصیر آ با د کے علا قے با ری شاخ گو ٹھ قمر الدین کھیا زی میں مسلح ا فراد نے فا ئرنگ کر کے جے یو پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ علی احمد کھیازئی کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے ابتدائی طو ر پر قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی اس سلسلے میں متعلقہ پو لیس تحقیقات کر رہی ہے ۔

اس کے علاوہ کوئٹہ کے علاقے رئیسانی روڈ نزد کباڑی گلی میں نا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ ایدھی ذرائع کے مطابق فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ ایدھی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کو سول اسپتال لایا گیا جہاں اسے طبی امداد دینا شروع کر دی گئی۔

Exit mobile version