Homeخبریںکوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات میں 4 ہلاک 8 زخمی

کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات میں 4 ہلاک 8 زخمی

کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات میں 4افراد ہلاک جبکہ دو خواتین سمیت8افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی دوپہر کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں واقع دکان پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص محمد انور ہزارہ کو ہلاک جبکہ محمد اعظم کو زخمی کردیا اسکے تھوڑی ہی دیر بعد جناح روڈ سلیم کمپلیکس میں بھی نامعلوم افراد نے اندھا دھندفائرنگ کردی جس سے ہاشم ہزارہ اور عبدالحکیم ہزارہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت4افراد بی بی فاطمہ ، بی بی قمر، محمد داود اور نصراللہ زخمی ہوگئے اسکے بعد نامعلوم افراد نے جناح روڈ پر ہی زہری مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے 4افرادمحمد ایازولد محمد اعجاز،حاجی باقر ولد حاجی صاحب جان ،عباس ولداعظم علی زخمی ہوگئے زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچادیا گیاجہاں ایک زخمی عباس ولد اعظم علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ہلاک ہونے والوں میں 3کا تعلق اہل تشیع سے بتایاجا تا ہے ۔کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے ٹارگٹ کلنگ کے 3مختلف واقعات کے بعد شہرمکمل طورپر بند ہوگیا اور لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد کوئٹہ شہر میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے شہر میں فرنٹیر کور اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں میں ایف سی اور بلوچستان کانسٹیبلری کی بکتر بند گاڑیاں اور مسلح دستے گشت کر رہے ہیں ۔کوئٹہ میں 24گھنٹے کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 5اور زخمیوں کی تعداد 9ہوگئی ہے۔

Exit mobile version