سراوان (ہمگام نیوز) مونیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور کئی دیہاتی رابطہی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شدید گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع سراوان کی تحصیل گشت میں سیلابی ریلہ شہر میں داخل ہو گیا۔ اس کے علاوہ سراوان کے علاقوں سیرکان اور بمپشت میں بھی شدید بارش ہوئی ہے۔ خاش، ایرندگان کے بعض حصوں، ضلع سرباز اور قصر قند کے شمالی علاقوں میں بھی تیز بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
مزید برآں، ضلع سرباز کا سرباز کور اور ضلع قصر قند کا کاجو ندی، جو گزستہ روز بھی طغیانی پر تھے، آج پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کے باعث ایک بار پھر اُبل پڑے۔ سیلابی صورت حال کی وجہ سے متعدد دیہاتی راستے زیر آب آ گئے ہیں اور آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے یا سیلابی راستوں سے گزرنے سے گریز کریں۔ مون سون بارشوں کے پیشِ نظر توقع کی جا رہی ہے کہ متعلقہ انتظامیہ اور ادارے جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے فوری اور مناسب اقدامات کری
ں گے۔


