Homeخبریںایران کی' ایکسپی ڈینسی کونسل' کے سیکرٹری کا صدارتی انتخابات میں قسمت...

ایران کی’ ایکسپی ڈینسی کونسل’ کے سیکرٹری کا صدارتی انتخابات میں قسمت آزمانے کا اعلان

تہران(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سابق کمانڈر اور ملک کی طاقتور ‘مصالحتی کونسل’ کے سیکرٹری محسن رضائی نے بھی رواں سال 18 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ محسن رضائی پاسداران انقلاب کے ایک سابق کمانڈر ہیں جو سنہ 2007ء سے ایکسپی ڈینسی کونسل کے سیکرٹری کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

محسن رضائی نے سنہ 2005ء میں بھی صدارتی انتخابات میں‌حصہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ سنہ 2013ء میں انہوں نے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور حسن روحانی ، محمد باقر قالیباف اور سعید جلیلی کے بعد وہ چوتھے نمبر پر تھے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ‘تسنیم’ کے مطابق محسن رضائی نے کہا ہے کہ وہ وطن عزیز کے ایک سپاہی کی حیثیت سے صدارتی انتخابات میں ایک بار پھر قسمت آزمائیں‌ گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جعلی سفارتی لیکس کے خلاف کھڑا ہوں اور ایران میں غیر ملکیوں کی مداخلت رکواؤں گا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں انہیں پاسداران انقلاب کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے اور وزارت خارجہ کے امور میں مداخلت کا الزام عاید کیا تھا۔ آڈیو لیک ہونے کے بعد صدر حسن روحانی کی حکومت کو عوامی حلقوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ حسن روحانی نے آڈیو لیک ہونے کی انکوائری شروع کردی ہے۔

Exit mobile version