Homeخبریںبلوچستان،کوئٹہ و تربت میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے...

بلوچستان،کوئٹہ و تربت میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز

کوئٹہ (ہمگام نیوز )بلوچستان میں ایڈز جیسی مہلک بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی جس کے باعث لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

ایڈز کنٹرول پروگرام کے صوبائی چیف ڈاکٹر افضل خان زرقون نے کوئٹہ پریس کلب میں عالمی دن برائے ایڈز کے موقع پر گفتگو کر کے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف جیلوں میں قید 71 قیدی ایڈز سے متاثرہ پائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام میں اس قاتل بیماری کےبارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

ڈاکٹر افضل خان زرقون کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہزار ایک سو 34 رجسٹرڈ مریضوں میں سے 9 سو 11 مریضوں ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 33 جبکہ تربت میں 3 سو ایک ایڈز کے مریض پائے گئے۔اس کے علاوہ جن علاقوں میں ایڈز سے متاثرہ افراد موجود ہیں ان میں قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، گوادر، لورالائی، لسبیلہ، نوشکی، قلعہ عبداللہ، اور پشین شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ اور تربت میں مجموعی طور پر 4 ہزار 4 سو 4 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں سے بدقسمتی سے 71 افراد ایڈز کے وائرس سے متاثرہ پائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی وزارت صحت نے کوئٹہ اور تربت میں ایڈز کنٹرول سینٹر قائم کردیے ہیں تا کہ ایڈز کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاسکیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایڈز پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈز کنٹرول پروگرام عوام میں اس مہلک مرض سے متعلق مکمل آگاہی پھیلانے میں ناکام ہوگیا ہے۔ایڈز کنٹرول پروگرام کے صوبائی چیف نے مزید کہا کہ جیلوں میں قید ایڈز کے مریض تشویش کا باعث ہیں کیونکہ قیدی عموماً منشیات کے عادی ہوتے ہیں۔

Exit mobile version