شال (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے مزید پانچ افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، لواحقین کے مطابق مذکورہ افراد کو مختلف اوقات میں گھروں اور دیگر مقامات سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع خضدار کے رہائشی 22 سالہ طالب علم عبداللہ بلوچ ولد رشید کو 4 نومبر 2026 کی شام تقریباً 6 بج کر 30 منٹ پر پار اسلامک اسکول کے قریب سے ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔
اسی طرح ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے سوراپ کے رہائشی 20 سالہ نسیم بلوچ ولد اقبال بلوچ کو 3 نومبر 2026 کی رات تقریباً ایک بجے ان کے گھر سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اسی رات بلیدہ کے علاقے ریکو کے رہائشی 15 سالہ آصف بلوچ ولد فضل بلوچ کو بھی ان کے گھر سے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔
دریں اثنا ضلع سبی کے علاقے سنگان کے رہائشی 37 سالہ کسان گل احمد ولد اختر محمد کو 22 اکتوبر 2026 کی رات تقریباً 11 بجے ان کے گھر سے آئی ایس آئی اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔
اسی علاقے کے رہائشی 37 سالہ ڈرائیور ظاہر بلوچ ولد داد محمد کو 21 اکتوبر 2026 کی رات تقریباً 11 بجے سبی شہر سے آئی ایس آئی اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔


