Homeخبریںبلوچستان میں بارشوں کے باعث مزید 13 افراد جانبحق ہونے کی تصدیق 

بلوچستان میں بارشوں کے باعث مزید 13 افراد جانبحق ہونے کی تصدیق 

 

 

کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے مزید 13 افراد کے جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 2 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، اموات کی تعداد 323 ہوگئی ۔

محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی میں حالیہ بارشوں سے مزید 5 خواتین ، 4 مردوں اور 3 بچوں جبکہ بارکھان سے ایک شخص جانبحق اور دوافراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بلوچستان میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 323 جبکہ زخمیوں کی تعداد 186 ہوگئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 72 ہزار 2 سو 35 ہے جن میں سے 20 ہزار 27 مکمل جبکہ 52 ہزار 2 سو 8 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں ۔

 

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 3 لاکھ 18 ہزار 101 مویشی کے بلاک ہونے ، 2 لاکھ 9 سو 39 ایکڑ زرعی زمین متاثر ہونے ، 2 ہزار 198 کلو میٹر سڑکیں اور 24 پل تباہ ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ بلوچستان میں تقریبا 5 لاکھ مویشی کے ہلاک اور 9 لاکھ ایکڑ سے زرعی اراضی متاثر ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ڈیرہ بگٹی کے لئے 5 ہزار مچھر دانیاں ، 100 جری کین ، 100 ہائی جین کٹ ، 100 واٹر کولر اور 5 اسپرے مشین فراہم کر دی گئی ہیں ۔

 

واضح رہے کہ یہ تمام اعداد و شمار سرکاری ذرائع کی جاری کردہ ہیں لیکن نقصانات اس سے کئی زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز