Homeخبریںبلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا خاتمہ کیا جائے: بی این ایم کا...

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا خاتمہ کیا جائے: بی این ایم کا جرمنی میں احتجاج

برلن (ھمگام نیوز) بی این ایم کے مطابق پارٹی نے جرمنی کے شہر بون کے مارکٹ پلاٹس میں ایک احتجاجی مظاہرہ اور آگاہی مہم منعقد کی۔

اس مہم کا مقصد بلوچستان کی موجودہ صورتحال کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا تھا۔

مظاہرین نے ریاستی جبر کا شکار افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف غیر شفاف عدالتی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق اور منصفانہ عدالتی اصولوں کے منافی ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ بلوچستان میں شہری حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور سکیورٹی اداروں کے اقدامات پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض سیاسی کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد غیر شفاف طریقے سے کارروائیوں کا سامنا ہے، جبکہ عدالتی عمل کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کی جاتیں۔

شرکاء نے یہ بھی کہا کہ سیاسی کارکنان اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور کارروائیوں کی رپورٹس تشویشناک ہیں۔ ان کے مطابق بعض خاندانوں پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ وہ اپنے لاپتہ افراد سے لاتعلقی ظاہر کریں۔

مظاہرے کے دوران شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد اور غیر جانبدار مشن تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے یورپی ممالک اور دیگر عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مدنظر رکھیں اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں۔

مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی حقوق کا احترام کسی بھی بین الاقوامی تعلق کی بنیادی شرط ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز