قلعہ عبداللہ (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی شب قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پیش آیا، جہاں پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد اغواء کئے گئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح افراد وہاں پہنچے اور انہیں مبینہ طور پر زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے افراد کی شناخت انعام رضا، باقر حسین، محمد عدنان، محمد شہزاد اور محمد اذان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچوں کا تعلق ضلع مظفرگڑھ سے ہے۔
پولیس حکام نے واقعے کے محرکات، مغوی افراد کو کہاں لے جایا گیا اور اغوا کے پیچھے کون سے عناصر ملوث ہیں، اس بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
کسی نے تاحال اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


