Homeانٹرنشنلبھارت لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کے لیے تیار ہے: وزیر...

بھارت لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کے لیے تیار ہے: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ

دہلی (ہمگام نیوز) بھارتی وزیر دفاع راجن نا تھ سنگھ نے کہا، “ہم ملک کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ اس میں ایل او سی کو عبور کرنا بھی شامل ہے، ہم ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بھارت کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہندوستان اپنی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو عبور کرنے کے لیے تیار ہے، اور شہریوں سے کہا کہ ایسی صورت حال میں فوجیوں کا ساتھ دینے کے لیے تیار رہیں۔

 روس اور یوکرین جنگ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ایک سال سے زیادہ عرصے سے جاری ہے کیونکہ عام شہری اس جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ 24ویں کارگل وجے دیوس کے موقع پر لداخ کے دراس میں کارگل وار میموریل میں خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں انہوں نے 1999 کی کارگل جنگ میں اپنی جانیں دینے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کارگل کی جنگ پاکستان نے ہم پر مسلط کی تھی۔

انہوں نے کہا، “پاکستان نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا، بھارت پر جنگ مسلط کی گئی۔ میں اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کو اولین ترجیح دی اور اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیر نے مزید کہا، “جب بھی جنگ کی صورتحال آئی ہے، ہماری عوام نے ہمیشہ فورسز کا ساتھ دیا ہے لیکن یہ حمایت بالواسطہ رہی ہے۔ میں عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر ضرورت پڑی تو میدان جنگ میں براہ راست فوجیوں کا ساتھ دینے کے لیے تیار رہیں۔”

انہوں نے کہا، “ہم ملک کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

اگر اس میں ایل او سی کو عبور کرنا بھی شامل ہے، تو ہم ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔”

خیال رہے ہندوستانی فوج نے 1999 میں لداخ کی اہم بلندیوں پر چوری چھپے قبضہ کرنے والی پاکستانی افواج کو پیچھے دھکیلنے کے لیے شدید جوابی حملہ کیا تھا۔

 کارگل وجے دیوس پاکستان کے خلاف ہندوستان کی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

Exit mobile version