تربت (ھمگام نیوز) کیچ کے علاقے ڈن سر شہرک سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نزیر احمد ولد علی محمد، سکنہ ککن تربت کے نام سے کی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق لاش ایک ویران علاقے سے ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کے سر پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نزیر احمد مبینہ طور پر پانچ روز قبل لاپتہ ہوئے تھے تاہم ان کے اغوا سے متعلق سرکاری سطح پر فوری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا جب کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران کیچ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں تشدد کے واقعات اور لاشوں کی برآمدگی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران تربت کے مختلف علاقوں سے بھی دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جب کہ ضلع پنجگور میں بھی وقفے وقفے سے گولیوں کے نشانات والی لاشوں کی برآمدگی کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جس پر عوامی اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔


