شال (ہمگام ) بلوچستان حکومت نے مبینہ طور پر پاکستان مخالف بیانیے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر 16 ہزار 367 سائٹس بند کرنے جبکہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 100 سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بلوچستان کے سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے کوئٹہ میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور اینکر پرسنز کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں دی گئی بریفنگ کے دوران یہ تفصیلات بتائیں۔
حمزہ شفقات کے مطابق سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے سے متعلق 20 ہزار 117 سائٹس کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 16 ہزار 367 کو بند کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ویب سائٹس مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم تھیں اور ان کی بندش کی شرح 81.4 فیصد رہی۔
سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 100 سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین میں 95 یونیورسٹی اساتذہ شامل ہیں جبکہ مزید دو اساتذہ کے خلاف مقدمات زیرِ التوا ہیں۔
حمزہ شفقات نے بتایا کہ برطرف کیے گئے دیگر ملازمین میں محکمہ صحت کے تین اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ مزید دو سرکاری ملازمین کو بھی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کی
ا گیا ہے


