خاش(ہمگام نیوز ) خاش قابض ایرانی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے خاش میں ایک بلوچ شہری شہید جبکہ اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، 31 جولائی 2026 کی صبح خاش کے امام خمینی 8 علاقے میں قابض ایرانی پولیس کی کمانڈو فورسز نے دو بلوچ شہریوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 23 سالہ حسین خاشی کمال آبادی ولد حبیب اللہ کے سر میں گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فورسز حسین کو امام خمینی اسپتال خاش منتقل کر رہی تھیں، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔
حسین کے ساتھ موجود شہری، جس کی شناخت صرف حسین زہی کے نام سے سامنے آئی ہے، کو بھی فورسز نے گرفتار کر لیا۔ اس کی مکمل شناخت، گرفتاری کی وجہ اور موجودہ مقام کے بارے میں تاحال معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق یکم اگست 2026 کو قانونی کارروائی کے بعد حسین خاشی کمال آبادی کی میت اہل خانہ کے حوالے کردی گئی اور خاش میں ان کی تدفین کی گئی۔
واقعے کے حوالے سے قابض ایرانی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے تاحال فائرنگ کی وجہ، واقعے کی تفصیلات یا گرفتار شہری کی صورتحال پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔


