Homeخبریںداعش نے 30 ایتھوپین عیسائی قتل کردیے

داعش نے 30 ایتھوپین عیسائی قتل کردیے

قاہرہ(ہمگام نیوز) دولت اسلامیہ (داعش)کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ ویڈیو میں لیبیا میں 30 ایتھوپین عیسائیوں کو قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اگرچہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری کی گئی اس ویڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں کی جاسکی، تاہم اس میں جس طرح مغویوں کو قتل کیا گیا وہ بالکل ماضی کے واقعات جیسا ہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ساحل کے قریب داعش کے جنگجو 15 عیسائیوں کے سر قلم کررہے ہیں جبکہ دیگر 15 افراد کو گولی مار دی گئی۔

ویڈیو میں ‘کراس (صلیب) کے ماننے والے دشمن ایتھوپین عیسائی’ کے الفاظ پر مشتمل تحریر بھی دیکھی جاسکتی ہے، تاہم لیبیا کے حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایتھوپیا کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے کہ ویڈیو میں دکھائے گئے افراد اس کے شہری ہیں، تاہم حکومتی ترجمان ریڈوام حسین کے مطابق حکومت اس اقدام کی مذمت کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ لیبیا میں ایتھوپیا کا کوئی سفارت خانہ نہیں ہے، تاہم اپنے شہریوں کو لیبیا چھوڑنے میں حکومت مدد فراہم کرے گی۔

حالیہ ویڈیو میں سیاہ لباس میں موجود ایک شخص نے عیسائی مغویوں پر پستول تان رکھی ہے، جب کہ کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے اُس نے کہا ‘تمہارے مذہب کے نام پر مسلمانوں کا خون کا بہنا اتنا سستا نہیں ہے’۔

ویڈیو کے آخر میں عیسائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘ہم دوبارہ واپس آگئے ہیں’، ساتھ ہی یہ وارننگ بھی دی گئی ہے کہ عیسائی اُس وقت تک محفوظ نہیں رہیں گے جب تک وہ اسلام قبول نہ کرلیں یا پھر اپنی حفاظت کے لیے مقررہ رقم ادا نہ کردیں۔

یاد رہے کہ داعش سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے رواں برس لیبیا میں کئی ہائی پروفائل قتل کے واقعات کا دعویٰ کیا ہے۔

چند ماہ قبل بھی اسلامک اسٹیٹ عرف داعش کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں 21 عیسائی مصری شہریوں کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، ساتھ ہی مصری صدر کو “مناسب” سزا تجویز کرنے پر بھی اکسایا گیا تھا۔

Exit mobile version