Homeخبریںراسکوہ کے سینے کو چیر کر ایٹمی دھماکہ کرنے والے بلوچ قوم...

راسکوہ کے سینے کو چیر کر ایٹمی دھماکہ کرنے والے بلوچ قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے. این ڈی پی

کوئٹہ (ہمگام نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی نے 28 مئی چاغی کے دامن راسکوہ میں ایٹمی دھماکہ کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کا دن بلوچ قوم کیلئے ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جا رہا ہے۔ اسی دن اقتدار پر براجمان حکمرانوں نے بلوچ قوم کے مستقبل کی اور نہ ہی ایٹمی دھماکے کے بعد مہلک اور خطرناک بیماریوں کی پرواہ کیے بغیر صرف اپنی وفاداری اور اقتدار کو دوام بخشنے کیلئے راسکوہ کے پہاڑوں پر دھماکہ کرکے اس خطے میں بسنے والے بلوچوں کے زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا۔ آج بھی اس علاقے کے لوگ بھوک، مفلسی سمیت خطرناک قسم کے بیماریوں کا شکار ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست پاکستان نے نیو کلیئر ہتھیاروں کے استعمال کی تابکاریاں اور مہلک بیماریوں کے پھیلنے کے حوالے سے تحقیق کیے بغیربلوچستان، اس کے باسیوں کو لاوارث سمجھ کر بلوچ عوام کو خاطر میں لائے بغیر چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکہ کرکے راسکوہ کے پہاڑ کو بھسم کر دیا ،اور اسی کے ساتھ ساتھ پورے بلوچستان کو ایک خطرناک اور مہلک بیماریوں کا آماجگاہ بنایا گیا۔ ایٹمی دھماکے کی اثرات کی وجہ سے کینسر، تھیلسیما، جیسے موذی مرض سے لے کر کہیں قسم کی بیماریاں روزانہ کی بنیاد پر پھیل رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کیمیائی ہتھیار کے استعمال کی وجہ سے اس پورے خطے میں پانی کی زیر زمین سطح بہت نیچے گر گئی ہے،پانی ناپید ہوچکا ہے،جس کی وجہ سے خشک سالی ہے، ماحولیاتی تبدیلی سمیت جنگلی حیات اور لوگوں کے مال مویشیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ اقوام متحدہ سمیت انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے بھی اپنی زمہ داریوں سے غافل ہوکر جانبداری کا مظاہرہ کرکے ریاست پاکستان کو اس قسم کے ہتھیاروں کے استعمال سے روکا نہیں گیا اور نہ ہی آج تک اس حوالے سے ریاست سے جواب طلبی کی گئی، ہم سمجھتے ہیں کہ مہذب دنیا سمیت اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی جیسے اداروں کی خاموشی کی وجہ سے وہ بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ لہذا مہذب دنیا سمیت اقوام متحدہ اور ان کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی اجنسی اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو چاہیے کہ وہ چاغی کا دورہ کرکے ان تمام مسائل اور بیماریوں کے حوالے سے پوری دنیا کو رپورٹ کریں۔

Exit mobile version