Homeخبریںزابل میں لاپتہ ہونے والے 11 سالہ بلوچ بچے کی لاش برآمد،...

زابل میں لاپتہ ہونے والے 11 سالہ بلوچ بچے کی لاش برآمد، گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کا انکشاف

زابل (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر زابل میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے 11 سالہ بلوچ بچے کی لاش شہر کے نواحی جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بچے کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش شہر کے اطراف میں پھینک دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق، آج بروز اتوار 29 نومبر 2026 کو زابل کے نواحی علاقے صابروی کے جنگلات سے 11 سالہ بچے میثم سارانی کی لاش ملی ہے۔ بچے کی شناخت میثم سارانی ولد ظاہر کے نام سے ہوئی ہے، جو زابل کے گاؤں وحدت آباد کا رہائشی تھا۔

ذرائع کے مطابق، میثم سارانی گزشتہ روز ہفتہ 28 نومبر 2026 کو دوپہر تقریباً ایک بجے اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔ بچے کے گھر واپس نہ پہنچنے پر اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے اور اسی روز رات تقریباً 11 بجے سوشل میڈیا پر اس کی گمشدگی کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے تلاش میں مدد کی اپیل کی تھی۔ اہل خانہ نے بچے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے رابطہ نمبر بھی جاری کیا تھا۔ اس سے قبل حال وش کے انسٹاگرام پیج کی اسٹوری پر بھی بچے کی گمشدگی کی اطلاع شیئر کی گئی تھی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، بچے کی لاش آج زابل کے نواحی علاقے صابروی کے جنگلات سے ملی، جبکہ بتایا جا رہا ہے کہ اسے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کے اہل خانہ کی کسی فرد یا گروہ کے ساتھ کوئی معلوم دشمنی یا تنازع نہیں تھا۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بچے کو کس نے اور کس مقصد کے تحت اغوا کرکے قتل کیا ہے۔ واقعے کے محرکات اور ملوث افراد کے بارے میں بھی کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز