زاہدان (ہمگام نیوز ) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے لخشک سے زاہدان جانے والی شاہراہ پر قابض ایرانی فوج اور سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے تین بلوچ شہری شہید ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے بغیر کسی وارننگ کے شہریوں کی گاڑی پر فائرنگ کی اور گاڑی رکنے کے بعد دو زخمیوں کو قریب سے گولیاں مار کر شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بدھ، 11 نومبر 2026 کو پیش آیا، جس میں شہید ہونے والے تینوں افراد کی شناخت حنظلہ جمالزہی، 30 سال، ولد ابراہیم، امید جمالزہی، 30 سال، ولد کرم بیک، اور مبین گنگوزہی (ریگی)، 34 سال، ولد حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق میرجاوہ سے تھا اور وہ زاہدان میں رہائش پذیر تھے۔ حنظلہ جمالزہی چار بچوں کا والد تھا، جبکہ مبین گنگوزہی بھی شادی شدہ اور بچوں کا باپ تھا۔
رپورٹ کے مطابق تینوں شہری تہران سے زاہدان واپس آرہے تھے کہ رات تقریباً 3 بجے لخشک سے زاہدان جانے والے راستے پر تعینات قابض ایرانی فوج اور سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار سادہ لباس میں ملبوس تھے اور انہوں نے گاڑی کو روکنے کے لیے نہ کوئی اشارہ دیا اور نہ ہی کوئی وارننگ جاری کی۔
ذرائع کے مطابق گولیاں لگنے سے گاڑی رک گئی، جس کے بعد موقع پر موجود اہلکاروں نے حنظلہ جمالزہی اور مبین گنگوزہی کو قریب سے گولیاں ماریں اور انہیں قتل کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے چلے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے بعد مقامی شہریوں نے ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا، جس کے بعد تینوں افراد کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے زاہدان کے میڈیکو لیگل مرکز منتقل کردی گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور رشتہ دار بھی زاہدان کے میڈیکل مرکز پہنچ گئے۔
تاحال ایرانی فوجی اور پولیس حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان یا وضاحت سامنے
نہیں آئی۔


