سراوان(ھمگام نیوز ) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے ضلع سراوان کے علاقے پسکوه میں پانی کے ایک( ھوٹگ) حوض میں ڈوبنے کے باعث ایک بلوچ شہری جاں بحق ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فرامرز گنگوزہی کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر تقریباً 20 سال تھی۔ وہ ضلع تفتان کے گاؤں کلے شہتوت کے رہائشی اور گل محمد کے بیٹے تھے۔
ذرائع کے مطابق فرامرز گنگوزہی تبلیغی جماعت کے مذہبی کارکن تھے اور ضلع تفتان سے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مذہبی سرگرمیوں اور جماعت کی تشکیل کے لیے سراوان گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پسکوه کے علاقے میں ایک ایسے حوض پر گئے جہاں لوگ تیراکی اور نہانے کے لیے جاتے ہیں۔ اسی دوران تیراکی کرتے ہوئے وہ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی۔
واقعہ 24 جولائی 2026 کو پیش آیا۔


