Homeخبریںسعودی عرب: مسجد میں خود کش دھماکہ30 افراد ہلاک

سعودی عرب: مسجد میں خود کش دھماکہ30 افراد ہلاک

ریاض ( ہمگام نیوز)سعودی عرب میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر خودکش حملہ ہوا ہے۔ایک عینی شاہد نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ القعدہ گاؤں میں امام علی مسجد میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے۔عینی شاہد کے مطابق: ’مسجد میں اس وقت ایک اندازے کے مطابق 150 افراد موجود تھے اور ہلاکتوں کی تعداد 30 کے قریب ہو سکتی ہے۔‘ابھی تک سرکاری طور پر شدت پسندی کے اس واقعے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں نہیں بتایا۔
تاحال کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ٹی وی چینل المنار پر نشر کی جانے والی ایک ویڈیو میں مسجد کے اندر ملبہ بکھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔
اس کے علاوہ مسجد کے فرش پر ہلاک ہونے والے افراد کو چادروں سے ڈھانپ کر رکھا ہوا ہے۔سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں پر حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب سعودی عرب نے ہمسایہ ملک یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے جبکہ عراق اور شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے مزید علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔سعودی عرب کا مشرقی صوبہ قطیف تیل کی دولت سے مالا مال ہے اور اس کی زیادہ تر آبادی شیعہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے۔قطیف کی شیعہ آبادی سعودی حکومت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام بھی عائد کرتی ہے اور حکومت کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہرے بھی ہو چکے ہیں۔سنہ 2011 میں شیعہ آبادی نے حکومت مخالف احتجاج شروع کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ سعودی عرب میں رائج سنی بادشاہت ختم کر کے وہاں جمہوری اصلاحات نافذ کی جائیں۔اس احتجاج میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے اور مرنے والوں کی اکثریت مقامی افراد کی تھی جو پولیس کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔اس کے علاوہ سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کئی افراد کو بغاوت اور فسادات کرنے کے الزام میں موت کی سزا بھی سنائی گئی۔

Exit mobile version