شال / تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر شال میں ایف سی کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا حمزہ جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سمنگلی سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ حمزہ، ولد محمد نبی، کو آج سہ پہر کوئٹہ ایئربیس کے قریب زخمی حالت میں پایا گیا۔
ابتدائی طور پر شہریوں نے زخمی حمزہ کو بولان میڈیکل کمپلیکس (BMC) اسپتال منتقل کیا، جہاں سے بعد ازاں اسے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق حمزہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاجاً دھرنا دے دیا۔
طالب علم کی موت کے خلاف لواحقین کی جانب سے سمنگلی ایئربیس کے سامنے احتجاج جاری ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
علاوہ ازیں تربت تمپ رودبن میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شے حق ولد محمد عظیم ساکن خشک آباد رودبن نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں ۔


