Homeخبریںصدرپوتین کایوکرین کے روس میں ضم شدہ چارعلاقوں میں مارشل لا کے...

صدرپوتین کایوکرین کے روس میں ضم شدہ چارعلاقوں میں مارشل لا کے نفاذ کا اعلان

ماسکو ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میرپوتین نے بدھ کے روز یوکرین کے ضم شدہ چارعلاقوں میں مارشل لا کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

صدرپوتین نے یوکرین کے چارعلاقوں دونتیسک ،لوہانسک ، کھیرسن اورزاپوریژژیا میں گذشتہ ماہ ریفرینڈم منعقد کیا تھا اور اس کے نتائج کی روشنی میں انھیں روسی ریاست میں ضم کرنے کااعلان کیا تھا۔

روسی فوج نے فروری میں یوکرین پر چڑھائی کے بعد ان علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔کریملن نے پھروہاں اپنے کٹھ پتلی حکام کو مقرر کیا تھامگر مغربی ممالک یوکرین کے ان علاقوں پر روس کی عمل داری کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اور وہ انھیں بدستور یوکرین ہی کا حصہ قراردیتے ہیں۔

صدرپوتین نے اپنی سلامتی کونسل کے ارکان سے خطاب میں حکومت کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعظم میخائل میشوسٹن کی سربراہی میں ایک خصوصی رابطہ کونسل قائم کرے تاکہ ماسکو کی جنگی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے روس کے ضم شدہ علاقوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا سکے۔

کریملن کے شائع کردہ فرمان میں یوکرین سے ملحقہ روس کے آٹھ علاقوں بشمول کریمیا میں ’’معاشی طورپرمتحرک‘‘ ہونے کا حکم دیا گیاہے۔کریمیا پر روس نے 2014 میں حملہ کیا تھا اور اس کو ضم کرلیا تھا۔صدارتی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں کے اندر اور باہر نقل و حرکت کو محدود کردیا جائے گا۔

صدر پوتین نے کہا کہ وہ روس کے تمام 80 سے زیادہ علاقوں کے رہنماؤں کو اہم تنصیبات کے تحفظ، امن عامہ کو برقراررکھنے اور ماسکو کے ’’خصوصی فوجی آپریشن‘‘ کی حمایت میں اضافے کے لیے اضافی اختیارات دے رہے ہیں۔نیز ان علاقوں کو اپنی پیداوار بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مذکورہ چار علاقوں میں یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ان میں سے ایک کھیرسن میں روس کے مقررکردہ حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے حملے کے خدشے کے پیش نظر جلد از جلد کچھ علاقوں کو چھوڑ دیں۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ وہ جن اقدامات کا حکم دے رہے ہیں،ان سے معیشت اور صنعت کے استحکام میں اضافہ ہوگا اور پیداوار میں اضافے سے فوجی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ ’’ہم روس کے لیے ایک قابل اعتماد مستقبل اور اپنے لوگوں کے مستقبل کویقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر بہت پیچیدہ امورکو حل کرنے میں لگے ہوئے ہیں‘‘۔

صدر پوتین نے مارشل لا کا اقدام یوکرینی فوج کی حالیہ فاتحانہ پیش قدمی کے ردعمل میں متعارف کرایا ہے۔ستمبر کے اوائل سے یوکرینی فوج بڑی سرعت سے روس کے زیر قبضے علاقوں کی جانب پیش قدمی کی اور اس سے اپنے بہت سے علاقے واگزار کرالیے ہیں اور اس کی بدستور پیش قدمی جاری ہے۔صدر پوتین نے اسی کے پیش نظر روس میں ضم شدہ علاقوں کے حکام کو یوکرینی فوج کی نقل وحرکت پر نظررکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Exit mobile version