Homeخبریںطالبان جنگجوؤں کے خوف سے امریکی افواج کا ساتھ دینے والے 221...

طالبان جنگجوؤں کے خوف سے امریکی افواج کا ساتھ دینے والے 221 افغانیوں کو امریکا پہنچا دیا گیا ہے.

واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق افغانستان میں امریکی افواج کی مدد کرنے والے دو سو سے زائد افغان باشندوں کو امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک خصوصی پرواز کے ذریعے یہ افغان جمعے کے دن ریاست ورجینیا کے واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد امکان ہے کہ طالبان جنگجو ایسے مقامی افغان شہریوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیں، جنہوں نے امریکی اور غیر ملکی افواج کے لیے کام کیا ہو۔ اسی لیے ایسے افغانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر انہیں امریکا منتقل کرنے کی اسکیم بنائی گئی تھی۔اسی اسکیم کے تحت ان افغانوں کو امریکا لایا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق افغانستان میں امریکی فوج کے لیے بطور مترجم کام  کرنے والے اور سفارتکاروں کو دیگر انتظامی تعاون فراہم کرنے والے افغان شہری اور ان کے کنبوں کو امریکا لایا گیا ہے۔

اسپیشل ویزہ پروگرام کے تحت امریکا پہنچنے والے ان دو سو اکیس افغانوں میں ستاون بچے اور پندرہ نومولود بھی شامل ہیں۔ فلائٹ اویئر نامی ہوائی کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ افغان شہری جمعے کے صبح واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں واقع ڈلس پہنچے۔

Exit mobile version