Homeانٹرنشنلفرانس میں احتجاج، مظاہرین نے میکرون کے پسندیدہ ریسٹورنٹ پر دھاوا بول...

فرانس میں احتجاج، مظاہرین نے میکرون کے پسندیدہ ریسٹورنٹ پر دھاوا بول دیا

پیرس (ہمگام نیوز) فرانس میں پنشن قانون کے خلاف جمعرات کو ملک گیر مظاہرے ہوئے، اس احتجاج کے دوران مظاہرن نے پیرس میں میکرون کے پسندیدہ ریسٹورنٹ پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ دوسری طرف مظاہروں کے باوجود فرانسیسی صدر نے پنشن قانون سے متعلق بل پاس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مظاہرین کے دھاوے کے بعد ریستورنٹ “لا روٹونڈے” کی ایک چھتری میں تھوڑی دیر کے لیے آگ لگ گئی ۔ مظاہرین نے پولیس پر بوتلیں اور پینٹ پھینکے۔ واضح رہے یہ ریسٹورنٹ فرانس میں میکرون کے لیے ایک عشائیہ کی میزبانی کے لیے مشہور ہے۔ یہ عشائیہ 2017 میں صدارتی الیکشن کے پہلے راؤنڈ میں میکرون کے سرفہرست رہنے کے بعد منعقد کیا گیا تھا۔

فرانس میں جنوری کے بعد سے ہونے والے مظاہروں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ مظاہرین نے میکرون کے دوسرے دور میں متعارف کرائے گئے پنشن سے متعلق قانون کو مسترد کردیا ہے۔ اس نئے مسودہ قانون میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو 62 سے بڑھا کر 64 کیا جارہا ہے۔

فرانس میں اس قانون کے خلاف ہڑتالوں اور مارچوں کا سلسلہ شروع ہے۔ میکرون کے خلاف بڑے پیمانے پر غم و غصہ نظر آرہا ہے۔ فرانسیسی صدر کے خلاف بینرز لگا دئے گئے ہیں اور نعرہ بازی کی جاتی ہے۔

مظاہرین نے جمعرت کو بھی “ہڑتال، ناکہ بندی، میکرون کی رخصتی!” کے نعرے لگائے۔ مغربی شہر رینس میں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور کوڑے کے ڈھیروں کو آگ لگا دی۔

Exit mobile version