Homeانٹرنشنلفلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے: اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب

فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے: اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب

نیویارک( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے نابلس میں اسرائیلی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور فلسطینی عوام کو اسرائیلی مظالم کے خلاف تحفظ فراہم کریں۔

انہوں نے سلامتی کونسل، عالمی برادری اور سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور سیکرٹری جنرل کی رپورٹ پر عملدرآمد کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن آنے والے دنوں میں ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کے لیےسلامتی کونسل کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرے گا۔

فلسطین میں گزشتہ روز مغربی کنارے کے شہر نابلس پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ایک پریس بریفنگ میں اسرائیلی فوج کے ترجمان رچرڈ ہیکٹ نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فورسز اور مشتبہ افراد میں “فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فوج نے مکان پر میزائل داغے”۔

فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سکریٹری حسین الشیخ نے نابلس میں اسرائیلی کارروائی کو “قتل عام” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے “فوری مداخلت” کا مطالبہ کیا ہے۔

Exit mobile version