Homeخبریںقطر کا لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت اور سیاسی عمل کی حمایت...

قطر کا لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت اور سیاسی عمل کی حمایت کا اظہار ـ

دوحہ(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق خلیجی ریاست قطر نے خانہ جنگی کا شکار لیبیا میں بین الاقوامی حمایت سے جاری سیاسی عمل اور قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثاثی نے اتوار کے روز دارالحکومت طرابلس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی حمایت سے جاری سیاسی عمل کی حمایت کرتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ لیبیا کی علاقائی خودمختاری کا تحفظ کیا جاسکے اور اس کے داخلی امور میں غیرملکی مداخلت کو روکا جاسکے‘

انھوں نے لیبیا کی وزیر خارجہ نجلہ المنقوش کے ساتھ اپنی بات چیت کو مفید قراردیا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے لیبیا میں عبوری عمل کی حمایت سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا ہے اور قطر کا اس ضمن میں عزم پختہ ہے۔‘‘

لیبیا میں نئی عبوری حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے متعدد ممالک نے طرابلس میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول لیے ہیں۔نجلہ منقوش نے توقع ظاہر کی ہے کہ قطر بھی بہت جلد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لے گا۔

جبکہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں گذشتہ سال اکتوبر میں لیبیا کے متحارب گروپوں نے ایک مفاہمتی سمجھوتے پر دست خط کیے تھے اور اس کے نتیجے میں ملک میں قومی اتحاد کی واحد حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ لیبیا 2011ء سابق مطلق العنان صدر معمرقذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے خانہ جنگی کا شکار ہے اور ملک میں دومتوازی حکومتیں چلتی رہی ہیں۔ قطر اور ترکی طرابلس میں وزیراعظم فائزالسراج کے زیر قیادت قائم قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت کرتے رہے تھے جبکہ متحدہ عرب امارات ، روس اور مصر جنرل خلیفہ حفتر کے زیر قیادت لیبی قومی فوج کی اتحادی مشرقی حکومت کے حامی تھے۔

Exit mobile version