Homeخبریںقلعہ عبداللہ میں آبائی زمینوں پر قبضے اور منشیات کی مبینہ کاشت...

قلعہ عبداللہ میں آبائی زمینوں پر قبضے اور منشیات کی مبینہ کاشت کا الزام، متاثرہ خاندان کا پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ،پریس کانفرنس

شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ چمن توبہ اچکزئی کے علاقے سنگ کد نی سے تعلق رکھنے والے نصر اللہ اچکزئی،اختر بی بی پشتونہ،صائمہ، بخت زمین ،شال پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ قلعہ عبداللہ میں ان کی آبائی اراضی پر مبینہ طور پر زبردستی قبضہ کیا گیا ہے، جہاں افیون اور بھنگ (چرس) کی کاشت کی جا رہی ہے، جبکہ اس تمام معاملے میں بعض پولیس اہلکاروں کی مبینہ سرپرستی اور معاونت بھی شامل ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نصر اللہ نے کہاکہ ان کا تعلق توبہ اچکزئی سے ہے اور انہوں نے مانسہرہ یونیورسٹی سے وکالت کی تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے بھائی محمد عباس اور کزن صدام حسین اور محمد حنیفہ بھی موجود تھے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کلی عبدالکریم پہلوان کے مکینوں نے عطاء اللہ، ایس ایچ او نصر اللہ اور ہیڈ محرر عبید اللہ کی مبینہ مدد سے ان کی آبائی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سپین پان، غواء، لوسلہ، گڑنگی، او شئ ور سمیت دیگر مقامات پر واقع ان کی آبائی زمینوں پر مبینہ طور پر افیون اور بھنگ کی کاشت کی جا رہی ہے۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ یسین کے مقام پر پانچ بور بھی لگائے گئے ہیں، جہاں منشیات کی کاشت جاری ہے اور اس مقصد کے لیے سولر سسٹم اور دیگر مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔متاثرہ خاندان کے مطابق اس معاملے پر انتظامیہ کے مختلف فورمز پر متعدد شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی، جبکہ عدالتی احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 8 نومبر 2026 کو تھانہ دوبندی میں ان کے اور خاندان کے دیگر افراد کے خلاف مبینہ طور پر بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ انہیں مزید مقدمات درج کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے آئی جی پولیس بلوچستان، ڈی آئی جی اور ڈی پی او قلعہ عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ 8 نومبر کو درج ہونے والی ایف آئی آر کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ طور پر منشیات کی کاشت میں استعمال ہونے والی مشینری اور سامان سرکاری تحویل میں لیا جائے اور شکایت میں نامزد پولیس اہلکاروں عطاء اللہ، نصر اللہ، مصطفیٰ اور عبید اللہ کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں ضلع قلعہ عبداللہ سے باہر تبادلہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ عطاء اللہ کے خلاف بھی انکوائری کی جائے اور پولیس قواعد و ضوابط کے مطابق ان کے عہدے اور تعیناتی کے معاملے کا جائزہ لیا جائے۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی فراہمی، آبائی اراضی واگزار کرانے اور مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز