Homeخبریںمجاہد بلوچ کو عام آبادیوں پر یلغار کے دوران شہید کیا:بی این...

مجاہد بلوچ کو عام آبادیوں پر یلغار کے دوران شہید کیا:بی این ایم

کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے 10 مئی کو جھاؤ میں آپریشن کرکے بی این ایم جھاؤ ہنکین کے ڈپٹی سیکریٹری مجاہد بلوچ ولد مراد بلوچ کو عام آبادیوں پر یلغار کے دوران شہید کیا ۔ ہم مجاہد بلوچ کو انکی شہادت پر خراج عقیدت اور سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ وہ تنظیمی دورے پر تھے۔ ساتھ ہی فوج نے چادر و چار دیواری کی پامالی کرتے ہوئے کئی دوسرے گھروں میں گھس کر دس سے زائد افراد کو اغوا کیا۔ کل رات پنجگور تسپ میں شہید یونس کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے کمسن بیٹے شاہرام کو اغوا کرکے لے گئے اور خواتین و بچوں کو حراسان کیا۔ مرکزی ترجمان نے کہا کہ بی این ایم کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہے۔ بی این ایم نے بانی قائد واجہ غلام محمد لیکر ڈاکٹر منان بلوچ جیسی ہستیوں کو بلوچ سرزمین کی جہدِ آزادی میں قربان کی ہے۔ جھاؤ میں ناکو خیربخش، استاد علی جان اور آج مجاہد بلوچ کی شہادت جھاؤ کے عوام و بلوچ قوم کی ہمت کو پست نہیں کرسکے گا۔ بلکہ شہدا کے خون کا بدلہ لینے کے جذبے اور جہد آزادی کی نظریات و بلوچ قوم کی عزم کو مزید مستحکم کرے گا۔ پاکستانی فوج امریکہ ، یورپ اور اب چائنا کی امداد کو بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کی بربریت اور ہرروز کی کارروائیوں اور بلوچ فرزندوں کی شہادت سے بلوچ نسل کشی کی حد تک پہنچ چکا ہے۔ امریکہ اور یورپ کو پاکستان و خطے کیلئے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اتحادی افواج کی افغانستان و طالبان کے خلاف ناکامی کی وجہ افغانستان میں پاکستان کی مداخلت ہے۔ پاکستان اچھے اور برے طالبان کے نام پر خطے کی امن و امان کو تہہ و بالا کر رہا ہے۔ ایک پر امن خطہ اور مضبوط افغانستان پاکستان کی موجودگی میں ناممکن ہے۔ عالمی طاقتیں آزاد بلوچستان کی حمایت کے بغیر خطے میں امن کیلئے جتنی سرمایہ کاری و فوجی اخراجات کر یں، وہ رائیگاں جائیں گے۔کیچ کے علاقے شاپک میں تربت سے پاکستانی فوج کے نئے دستے آگئے ہیں۔ اور علاقے کو گھیرے میں لیے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ شاپک و اس کے کئی قریبی گاؤں سے پہلے ہی فوجی آپریشنوں سے اکثریتی آبادی متاثر ہو کر نقل مکانی کر چکی ہے۔ حالیہ فوجی نقل و حرکت ایک اور خونی فوجی آپریشن کا عندیہ ہے۔ میڈیا اور انسانی حقوق کے ادارے حسب معمول بلوچ قوم پر ہونے والی مظالم پر خاموش ہیں ۔

Exit mobile version