مستونگ ( ہمگام نیوز )مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ گردگاپ سے جبری لاپتہ راشد سرپرہ، ذاکر سرپرہ، اور جاوید سرپرہ کے لواحقین نے جاری بیان میں اعلان کیاہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کل کردگاپ کے مقام پر شال تا تفتان شاہراہ کو بلاک کر دیا جائیگا۔
لواحقین نے کہاہے کہ راشد سرپرہ ، زاکر سرپرہ اور جاوید سرپرہ کی جبری گمشدگی ایک ایسا سانحہ ہے جو صرف ان کے خاندانوں کا نہیں، بلکہ پورے معاشرے کا درد ہے۔ جب کسی کا بیٹا، بھائی یا دوست بغیر کسی قانونی جواز کے غائب کر دیا جاتا ہے، تو یہ صرف ایک خاندان نہیں بلکہ پوری انسانیت پر ظلم ہوتا ہے۔
انھوں نے کہاہے کہ کردگاب قومی شاہراہ کو بلاک کرنے کا فیصلہ ایک پرامن مگر مضبوط پیغام ہے کہ ہم ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔ یہ احتجاج نہ صرف ان گمشدہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے ہے، بلکہ ہر اس فرد کے لیے بھی ایک صدا ہے جو اس نظام کے ہاتھوں مجبور ہے۔
لواحقین نے کہاہے کہ ہماری گزارش ہے کہ تمام باشعور شہری اس دھرنے میں شرکت کر کے اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری کو نبھائیں۔ خاموشی ہمیشہ ظالم کا ساتھ دیتی ہے، اور اگر ہم آج چپ رہے تو کل یہ مسئلہ کسی اور دروازے پر بھی دستک دے سکتا ہے۔
لاپتہ افراد کے لواحقین نے کہاہے کہ یہ وقت یکجہتی کا ہے، آواز اٹھانے کا ہے، اور انصاف کے حصول کے لیے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے کا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ احتجاج گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے ایک مؤثر قدم ثابت ہوگا اور ظلم کے خلاف ہماری اجتماعی طاقت کو ظاہر کرے گا۔
لہذا تمام مسافرحضرات سے معذرت کے ساتھ گزارش کرتے ہیں کہ اس شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔