Homeخبریںمقبوضہ بلوچستان: مختلف حادثات اور واقعات میں 8 افراد جاں بحق

مقبوضہ بلوچستان: مختلف حادثات اور واقعات میں 8 افراد جاں بحق

کوئٹہ(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے چار مختلف اضلاع میں پیش آنے والے روڈ حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سبی کے علاقے بختیار آباد کے قریب شیخوپورہ سے کوئٹہ جانے والی ایک گاڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، جنکی شناخت خاتون حیا بی بی، صاحب خان اور شمس علی جان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق بولان کے علاقے مچھ سے بتایا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ اوتھل سے چالیس کلومیٹر دور مکران کوسٹل ہائی وے لیاری رضو ہوٹل کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں روبیل ولد نعیم، اریض ولد اشرف، فہاد ولد سلطان، جب کہ زخمیوں میں محمد سلیمان، محمد عمر، شہباز، احسان اسامہ شامل ہیں۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کے مطابق پروبکس گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ جاں بحق و زخمیوں کا تعلق کراچی کے علاقے نیو کراچی مدینہ کالونی سے بتایا رہا ہے جو کنڈملیر سے پکنک منانے کے بعد واپس کراچی جارہے تھے۔

ادھر بلوچستان کے مزکزی شہر کوئٹہ سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے علاقے میں منہدم ہونے والے دیوار کے نیچے دب کر ایک شخص طاہر ولد حاجی عمیر خلجی سکنہ بھوسہ منڈی جاں بحق ہوگیا۔

دریں اثنا پشین کے کلی گا نگلزئی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے والدین کا 12 سالہ اکلوتا بیٹا جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت بارہ سالہ محمد اصغر جان کے نام سے ہوئی ہے۔

Exit mobile version