میرجاوہ(ھمگام نیوز ) گزشتہ شب بدھ، 29 جولائی 2026، رات تقریباً 9:30 بجے میرجاوہ کے ایک بلوچ شہری اور مقامی دکاندار کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں شدید زخمی کر دیا گیا۔ زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد خاتم الانبیاء اسپتال، زاہدان منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں زیر علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمی شہری کی شناخت 30 سالہ مجید گنگوزہی ولد عبدالرحیم کے نام سے ہوئی ہے۔ جو کہ شادی شدہ، دو بچوں کے والد، اور میرجاوہ کے رہائشی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مجید گنگوزہی میرجاوہ میں کاسمیٹکس کی دکان کے مالک ہیں۔ گزشتہ شب وہ میرجاوہ شہر کی آفتان اسٹریٹ پر موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ حملے کے دوران ایک گولی ان کے سینے میں جبکہ متعدد گولیاں ان کے ہاتھوں اور ٹانگوں میں لگیں، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں پہلے میرجاوہ میں طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم زخموں کی شدت کے باعث بعد ازاں زاہدان کے خاتم الانبیاء اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں زیر علاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی جسمانی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ مرتب کیے جانے تک فائرنگ کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ کسی فرد یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


