سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںپاکستان میں آزادی صحافت کا ماحول انتہائی محدود ہے۔امریکی تھنک ٹینک فریڈم...

پاکستان میں آزادی صحافت کا ماحول انتہائی محدود ہے۔امریکی تھنک ٹینک فریڈم ہاؤس

واشنگٹن(ہمگام نیوز ڈیسک)امریکی تھنک ٹینک ‘فریڈم ہاؤس’ نے سال 2019ء کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستانی صحافت کو فروغ کی جانب گامزن ہونے کا درجہ دیا گیا ہے۔تاہم، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آزادی صحافت کا ماحول انتہائی محدود ہے اور یہ کہ اس وقت ایک بِل زیر غور ہے جس کی رو سے آن لائن صحافیوں اور اداروں کو خبروں کے اجرا کے لائسنس حاصل کرنا ہوں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر ممنوعہ موضوعات کی رپورٹنگ سے متعلق صحافیوں کو انتباہ جاری کیا ہے۔ ان موضوعات میں فوج پر زیادتی کے الزام کو ضبط تحریر میں لانے کا معاملہ شامل ہے یا پھر اخباری نمائندوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مخصوص سیاسی معاملات کی رپورٹنگ کس طرح کی جائے۔فریڈم اینڈ دی میڈیا 2019ء‘ کے عنوان سے رپورٹ میں بنگلہ دیش اور نیپال کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں آزادی صحافت کو فروغ اور تقویت دینے کی ضرورت ہے۔فریڈم ہاؤس’ نے بتایا ہے کہ بھارتی سیاسی جماعتیں جن میں اقلیتی جماعتیں بھی شامل ہیں، سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور ایڈٹ کی گئی تصاویر کے ذریعے “ایک دوسرے کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث پائی گئیں” اور یہ کہ “انتخابات جیتنے کے لیے ان کی جانب سے ہر حربہ آزمایا گیا۔” انتخابات کے دوران حکام نے فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور وائبر کو بلاک کیے رکھا۔فریڈم ہاؤس’ نے کہا ہے کہ آن لائن میڈیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے، دنیا بھر کی حکومتیں خاص طور پر آن لائن شعبے میں سخت قوانین اور آڈیو ویژوول ضابطے لاگو کر رہی ہیں۔ چین میں حکومت کی جانب سے نجی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے کہ وہ سینسر کے بغیر اطلاعات کی دستیابی کو روکیں، اور اپنے پلیٹ فارمز پر موجود باقی ماندہ مواد کی کڑی نگرانی کریں۔رپورٹ میں دنیا بھر کے ممالک کی درجہ بندی صفر سے چار کے اسکیل پر کی گئی ہے۔ اس میں صفر بدترین اور چار بہترین کی نشاندہی کرتا ہے۔ صفر میں چین، روس، یمن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، سوڈان شامل ہیں؛ پاکستان، بنگلہ دیش، قطر، ایران، عراق، عمان، ترکی اور مصر کیٹگری ایک میں؛ افغانستان، بھارت، سری لنکا، بھوٹان دو میں؛ اسرائیل، جاپان، اٹلی، آسٹریا، یونان اور ملائیشیا تین میں؛ جب کہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، سویڈن، سوٹزرلینڈ اور ناروے کیٹگری چار میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز