Homeخبریںپشتون جرگے سے توجہ ہٹانے کی کوشش، پشتون بچی کی ڈاکٹر زاکر...

پشتون جرگے سے توجہ ہٹانے کی کوشش، پشتون بچی کی ڈاکٹر زاکر نائیک سے پاکستان نہ آنے کی اپیل

اسلام آباد (ہمگام نیوز) پختون عوامی جرگہ کے حوالے سے ایک نیا تنازع اس وقت سامنے آیا جب اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکومت نے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر زاکر نائیک کو پاکستان مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مبینہ طور پر اس اقدام کا مقصد پختون جرگے سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے، جو کہ پشتونوں کے اہم مسائل پر بحث و مباحثہ کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔

ایک پشتون بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ڈاکٹر زاکر نائیک سے مؤدبانہ اپیل کر رہی ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ نہ کریں۔ بچی کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت مذہبی شخصیت کو بلا کر پختون عوام کے جرگے سے توجہ ہٹانے کی سازش کر رہی ہے۔

“مہربانی فرما کر آپ پاکستان نہ آئیں، ہماری قوم کے مسائل کے حل کے لیے ہونے والے جرگے سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے حکومت آپ کا استعمال کر رہی ہے،” بچی نے اپیل کرتے ہوئے کہا۔

پختون عوامی جرگہ، جو پشتونوں کے سماجی، سیاسی، اور معاشی مسائل پر بات چیت کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، اس وقت خاص اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ڈاکٹر زاکر نائیک کی متوقع آمد کو ایک ایسے وقت پر منصوبہ بند کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کی توجہ ان اہم مسائل سے ہٹائی جا سکے جن پر جرگے میں بات چیت ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر زاکر نائیک کی متوقع آمد پر ردعمل دیتے ہوئے، کچھ پختون رہنماؤں نے بھی اس اقدام کو عوامی توجہ منتشر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جرگہ پشتون برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے اور اسے کسی بھی سیاسی چال سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

Exit mobile version