Homeخبریںکابل:پاکستان مخالف دو وزرا کی تعیناتی امراللہ صالح وزیر داخلہ ,اسداللہ خالدوزیر...

کابل:پاکستان مخالف دو وزرا کی تعیناتی امراللہ صالح وزیر داخلہ ,اسداللہ خالدوزیر دفاع مقرر

کابل (ہمگام نیوزڈیسک) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے کابینہ میں رد وبدل کرتے ہوئے افغان طالبان و پاکستان کے سخت مخالف سمجھے جانے والے دو رہنماوں کو وزارت داخلہ اور دفاع کا قلم دان سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں اپنی فوج کی تعداد 7000 تک کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے جاری کردہ ایک صدارتی فرمان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس ادارے کے دو سابق عہدیداروں امراللہ صالح کو وزیر داخلہ اور اسداللہ خالد کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے چار ماہ پیشتر اپنے ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کےبعد وزیر داخلہ ویس احمد برمک اور وزیر دفاع طارق شاہ بہرامی کا استعفیٰ مسترد کردیا تھا۔ دونوں وزراء‌ نے ملک میں امن وامان کی صورت حال بگڑنے پر تنقید کے بعد استعفیٰ دینے کا اعلان کیاتھا۔افغانستان میں وزارت دفاع اور داخلہ کی تبدیلی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا، جب دوسری جانب امریکی صدر نے افغانستان میں تعینات امریکی فوج کی تعداد نصف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد 14ہزار ہے۔جبکہ نیٹو فورسز اس کے علاوہ ہے۔کابل میں دو اہم وزرا کے تعیناتی بارے پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹر بیان میں افغان وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ فیصلہ کریں کہ پاکستان کو پارٹنر بنانا چاہتے ہیں یا اپنی حکومتی ناکامی پر قربانی کا بکرا بنانا ہے۔ فواد چوہدری نے نئے افغان وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خطرے کو کم سمجھنا خیالی دنیا میں رہنے کے مترادف ہے اور نئے افغان وزیر داخلہ کو حقیقت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version