Homeخبریںکابل: زچگی وارڈ میں مسلح افراد کے حملے میں نومولود بچوں سمیت...

کابل: زچگی وارڈ میں مسلح افراد کے حملے میں نومولود بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق

 

کابل (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے کابل کے مغربی حصے میں زچگی کے ایک اسپتال میں دھاوا بول دیا۔ حملے کے نتیجے میں نومولود بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق برچی اسپتال پر صبح کے حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر 80 سے زیادہ خواتین اور بچوں کو اسپتال سے باہر نکالا۔ واضح رہے کہ یہ زچگی ہسپتال ایم ایس ایف(میڈیسنز سنز فرنٹیئرس) نامی ایک این جی او چلا رہی تھی جس پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جاں بحق 14 افراد کے علاوہ اس حملے میں خواتین، مرد اور بچوں سمیت 15 دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بحفاظت نکالے جانے والے لوگوں میں تین غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں تاہم انہوں نے بحفاظت نکالے جانے والوں میں شامل ان تین غیر ملکی شہریوں کے بارے میں کوئی اور تفصیل نہیں بتائی۔

آخری اطلاعات آنے تک کسی بھی گروہ نے 100 بستروں پر مشتمل اس زچگی ہسپتال پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی اب تک یہ واضح ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے کے پیچھے حملہ آوروں کے کیا عزائم ہوسکتے ہیں۔

Exit mobile version