Homeخبریں کراچی میں شدید گرمی، ہلاکتوں کی تعداد 475 سے متجاوز

کراچی میں شدید گرمی، ہلاکتوں کی تعداد 475 سے متجاوز

کراچی(ہمگام نیوز) کراچی میں شدید گرمی کے باعث ہونےوالی اموات کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چار روز کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 475 سے تجاوز کر چکی ہے۔

میڈیا کے مطابق گزشتہ رات بارہ بجے سے اب تک سول ہسپتال میں 13 اور قطر اسپتال میں مزید چار افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

سول اسپتال میں گرمی کی شدت سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 84 ہوگئی ہے۔

جناح اسپتال میں گرمی سے متاثرہ افراد کا رش بڑھنے سے بسترکم پڑگئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے او پی ڈی کو وارڈ کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اس ہسپتال میں اب تک گرمی سے متاثرہ 1500مریض لائے گئے، جن میں سے 200 سے زائد کا انتقال ہوچکا ہے۔

کے ایم سی ہسپتالوں میں 67 افراد، قطر ہسپتال میں 23، سول ہسپتال میں 64، لیاری جنرل ہسپتال میں 15، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیوکراچی میں 8، کے پی ٹی ہسپتال میں 2، ضیا الدین ہسپتال میں 15، لیاقت نیشنل میں 22 اور انڈس ہسپتال میں 20 افراد نے ہیٹ اسٹروک کے باعث انتقال کرگئے۔

شہر کے ہسپتالوں میں گرمی کی شدت سے متاثرہ افراد کا رش بڑھتا جارہا ہے۔ دوسری جانب ہلاکتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کے ایم سی کے ہسپتالوں میں 42 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد یا تو غریب طبقے سے تعلق رکھتے تھے، چھوٹے چھوٹے گھروں میں رہائش پزیر تھے یا ڈیلی ویجز پر ملازمت کرتے تھے۔

Exit mobile version