سه شنبه, اپریل 22, 2025
Homeخبریںکردجنگجوؤں کے حملے میں سات ترک سپاہی مارے گئے

کردجنگجوؤں کے حملے میں سات ترک سپاہی مارے گئے

عفرین ( ہمگام نیوز)شامی علاقے عفرین میں ترک افواج اور کرد جنگجوؤں کے مابین ہفتے کے دن ہوئی تازہ لڑائی میں سات ترک سپاہی مارے گئے ہیں۔ اب تک اس آپریشن میں کسی ایک دن میں ترک افواج کا یہ سب سے بڑٓا جانی نقصان ہے
خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ تین فروری بروز ہفتہ شامی علاقے عفرین میں ہوئی تازہ لڑائی میں سات ترک فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترک فوج نے ہمسایہ ملک شام کے علاقے عفرین میں فعال کرد باغیوں کے خلاف یہ عسکری مہم بیس جنوری کو شروع کی تھی اور اب تک کسی ایک دن میں ترک فوجیوں کی ہلاکتوں کا یہ سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے

کرد نیوز پورٹل Raudaw نے ترک فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن عفرین میں ترک فوجیوں کی یہ ہلاکتیں تین مختلف واقعات کے دوران رونما ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ پانچ فوجی ایک ٹینک پر ہوئے حملے میں لقمہ اجل بنے جبکہ دو سپاہی دو مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہوئے۔

تاہم ان حملوں کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ بیس جنوری کو شروع ہوئی اس کارروائی کے نتیجے میں یوں اب تک ہلاک ہونے والے ترک فوجیوں کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔

شامی علاقے عفرین میں پیپلز پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی) کا قبضہ ہے۔ یہ کرد ملیشیا شامی خانہ جنگی میں شامل متعدد اعتدال پسند گروہوں کے علاوہ امریکا کی بھی حمایت یافتہ قرار دی جاتی ہے۔ یہ گروہ شام میں انتہا پسند گروہ داعش کے خلاف کارروائیاں سر انجام دیتا رہا ہے۔

کردستان ورکرز پارٹی سن انیس سو اسی کی دہائی سے جنوب مشرقی ترکی میں آزادی کے لیے مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس جنگجو گروہ اور سکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کے باعث کم ازکم چالیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ترکی کے علاوہ یورپی یونین اور امریکا نے بھی کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز