کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) کوئٹہ کے میزان چوک کے قریب سٹی تھانہ کے سامنے دھماکے سے5افراد جاں بحق اور 36 سے زائد زخمی ہو گئے۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میںلے لیا ہے.
دوسری طرف ترجمان سول اسپتال کوئٹہ وسیم بیگ کے مطابق سول اسپتال میں 36 سے زائد زخمی افراد کو منتقل کیا گیا جس میں سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
کوئٹہ سے ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیوذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جس کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، دھماکہ اس وقت ہوا جب علاقہ میں رش تھا اور لوگ عید کی خریداری میں مصروف تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا لیاقت بازار میں سٹی تھانے کے سامنے ہوا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جب کہ سول اور شہر کے دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔






