کوئٹہ (ہمگام نیوز)بی ایس او آزاد شال زون کی آرگنائزنگ باڈی کا اجلاس زیرصدارت زونل جونیئر جوائنٹ سکریٹری منعقد ہوا ،اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے ممبر دین جان بلوچ جبکہ اعزازی مہمان مرکزی کمیٹی کے ممبرفدا بلوچ تھے۔اجلاس میں ،مرکزی سرکیولر،سابقہ زونل رپورٹ ،تنظیمی امور، تنقیدی نشست ، سوال جواب ، عالمی علاقائی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے ۔اجلاس کی شروعات شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوئی۔ اجلاس سے بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے تحریک سے نوجوانوں کی وابستگی ختم کرنے کیلئے مختلف حربوں کا سہارا لے رہی ہیں لیکن بلوچ نوجوان ریاستی سازشوں سے باخبر ہو کر قومی تحریک کا باقاعدہ حصہ بن کر ریاستی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ بی ایس او آزاد کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن کی وجہ سے اب تک کئی رہنماء و کارکنان شہید ہو چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں کارکنان ریاستی فورسز کے ہاتھوں اغواء ہو چکے ہیں۔ لیکن عظیم شہدا ء و اسیران کی قربانیاں تنظیمی کارکنان و عوام کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔بی ایس او آزاد قومی تحریک میں نرسری کی حیثیت سے بلوچ نوجوانوں کی فکری تربیت کرکے انہیں متحرک کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم یا مضبوط اداروں کے بغیر جدوجہد اپنی تسلسل کو برقرار رکھ نہیں سکتے بلوچ سیاسی ورکران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تنظیم سازی پر اپنی توجہ مرکوز کرکے قومی شعور کو اجاگر کریں تاکہ ریاستی کاؤنٹر پالیسیوں کو ناکام کرکے بلوچ قومی تحریک کے سامنے حائل رکاوٹوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ رہنماؤں کہا کہ پاکستان چائنا کے ساتھ مل کر بلوچ قوم کی نسل کشی میں شدت لارہی ہے تاکہ بلوچستان میں جاری بلوچ قومی تحریک کو ختم کرکے اپنی معاشی و فوجی ضروریات کو بلوچستان پر قابض رہ کر محفوظ بنایا جا سکے۔بلوچ قومی تحریک کو ختم کرنے کے لئے ریاستی مشینری کے تمام پُرزے متحرک ہیں، پروپگنڈے کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے لئے پاکستانی میڈیا بلوچ قومی تحریک کو غلط رنگ دینے کے لئے جھوٹی و من گھڑت باتوں کا سہارا لے رہی ہے۔ تاکہ بلوچ عوام کو مایوسی کا شکار بنا کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا سکے۔اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر بحث مباحثہ کے تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کیلئے زونل آرگنائزنگ باڈی تشکیل دیگر مختلف فیصلے لئے گئے۔