واشنگٹن (ہمگام نیوز)امریکا کے سابق سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایران کی صورتحال سے متعلق ایک سخت اور متنازع بیان جاری کیا ہے۔
پومپیو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی حکومت شدید مشکلات میں گھری ہوئی ہے اور کرائے کے جنگجوؤں کو میدان میں لانا اس کی آخری امید بن چکا ہے۔ ان کے مطابق، ایران کے درجنوں شہروں میں فسادات جاری ہیں اور بسیج فورسز کو مختلف علاقوں میں دباؤ کا سامنا ہے، جن میں مشہد، تہران اور زاہدان شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلا مرکزِ احتجاج بلوچستان ہو سکتا ہے۔ سابق امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ اس حکومت کو اقتدار میں آئے 47 سال ہو چکے ہیں اور اب امریکا کے 47ویں صدر کا دور ہے، اور اس تقابل کو ایک معنی خیز اتفاق قرار دیا۔
اپنے پیغام کے آخر میں مائیک پومپیو نے سڑکوں پر احتجاج کرنے والے تمام ایرانیوں کو نئے سال کی مبارکباد دی، جبکہ ایک طنزیہ جملے میں انہوں نے ان کے ساتھ موجود ہر موساد ایجنٹ کو بھی مبارکباد پیش کی۔
پومپیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے مختلف حصوں میں احتجاجی سرگرمیوں اور سیاسی کشیدگی کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں، اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایران کی داخلی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔














