Homeخبریںسوراب میں فضائی حملہ: ڈاکٹر نسیم بلوچ کا عالمی برادری سے نوٹس...

سوراب میں فضائی حملہ: ڈاکٹر نسیم بلوچ کا عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

شال (ہمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے سوراب میں گزشتہ رات ہونے والے فضائی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصاویر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ غزہ یا فلسطین کی ہوں، جہاں بمباری میں بچوں، بزرگوں اور دیگر شہریوں کی جانیں گئی ہیں، لیکن یہ غزہ نہیں بلکہ بلوچستان ہے۔

ڈاکٹر نسیم بلوچ کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سوراب میں بمباری کی، جس کے نتیجے میں 27 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی بتائی جا رہی ہے۔ حملے کے بعد سامنے آنے والی زخمی اور جاں بحق شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی تصاویر کو انہوں نے انتہائی دلخراش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ بلوچ عوام کئی دہائیوں سے جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، فوجی آپریشنز اور منظم تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر نسیم بلوچ نے اسے بلوچ عوام کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال روز بروز شدت اختیار کر رہی ہے اور عالمی برادری کو اس پر فوری توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کی تکالیف 1948 میں پاکستان کی جانب سے بلوچستان پر قبضے کے بعد سے جاری ہیں۔ دنیا جس طرح غزہ کے بچوں کے لیے آواز بلند کرتی ہے، بلوچستان کے بچوں کو بھی اسی توجہ، یکجہتی اور تحفظ کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز