شال ( ہمگام نیوز ) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے ترجمان کے جاری بیان کے مطابق قاضی محمد عمر نیچاری زخمی حالت میں بازیاب ہوگئے ہیں۔ اہلخانہ نے ان کے کوائف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کو فراہم کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ قاضی محمد عمر کو سی ٹی ڈی اہلکاروں نے 29 اور 30 جولائی کی درمیانی شب مدرسہ روڈ، محلہ نیو نیچاری، کلی اسماعیل کوئٹہ میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
وی بی ایم پی کے مطابق قاضی محمد عمر نیچاری کا کیس کمیشن برائے جبری گمشدگی اور صوبائی حکومت کو فراہم کیا گیا تھا۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے قاضی محمد عمر نیچاری کی زخمی حالت میں بازیابی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقلی اور زخمی حالت میں بازیابی ایک تشویشناک معاملہ ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں، قاضی محمد عمر نیچاری کی زخمی حالت میں بازیابی کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔


