زاہدان(ہمگام نیوز ) 2 اکتوبر 2026: ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر زاہدان کے علاقے منزلآباد میں قابض ایرانی سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ کے بعد ایک رہائشی مکان میں شدید دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، جمعہ 2 اکتوبر 2026 کو موصول ہونے والی ایک نئی ویڈیو میں اس رہائشی مکان کو دکھایا گیا ہے جہاں گزشتہ روز قابض ایرانی فوجی و سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی تھی۔ ویڈیو میں جھڑپ ختم ہونے کے بعد مکان میں ہونے والے شدید دھماکے، دھوئیں کے بڑے بادل اور ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، مکان کے اندر موجود مسلح افراد کی ہلاکت کے بعد دھماکہ ہوا۔ علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جھڑپ ختم ہونے کے بعد قاب فوج و سکیورٹی فورسز نے لوگوں کو جائے وقوعہ سے دور کیا اور اس کے بعد مکان کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے لیے کس نوعیت کا مواد استعمال کیا گیا اور جھڑپ ختم ہونے کے بعد عمارت کو دھماکے سے تباہ کرنے کا مقصد کیا تھا۔
منزلآباد میں جھڑپ جمعرات 1 اکتوبر 2026 کی صبح شروع ہوئی تھی اور تقریباً چار گھنٹے بعد ختم ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق، فوجی و سکیورٹی فورسز نے اس رہائشی مکان کو مختلف قسم کے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جہاں مسلح افراد موجود تھے اور فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران مکان کو شدید نقصان پہنچا اور بعد ازاں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے قابض آرمی سپاہ پاسداران انقلاب کی زمینی افواج کے قدس ہیڈکوارٹر کے شعبۂ تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ کارروائی میں چھ مسلح افراد ہلاک ہوئے۔ تاہم، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اور بعد میں ہونے والے دھماکے سے متعلق تفصیلات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جھڑپ کی نوعیت، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اور علاقے میں ہونے والے نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات کی تحقیقات کر رہا ہے۔


